ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / عالمی سطح پر ملک کو مضبوط کرنا وقت کا تقاضہ: وجئے گوئل

عالمی سطح پر ملک کو مضبوط کرنا وقت کا تقاضہ: وجئے گوئل

Sat, 07 Jan 2017 23:11:16    S.O. News Service

بنگلور:7/جنوری(ایس او نیوز)عالمی سطح پر ہندوستان کو اپنا قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ مرکزی حکومت اس مقصد کیلئے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ان میں ملک کی تہذیب وتمدن اوراخلاقیات کو عام کرنے کی طرف بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔یہ بات آج مرکزی وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان وجئے گوئل نے کہی۔آج شہر میں یوا پرواسی بھارتیہ دیوس میٹنگ کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج سے تین دن تک بنگلور میں جاری رہنے والے پرواسی بھارتیہ میلے کی اس پروگرام سے شروعات ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑے نوٹوں پر پابندی لگانے کے سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی کے سخت اقدام کا ملک کا ہر شہر ی والہانہ طور پر خیر مقدم کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کے نوجوانوں  کے مقابل دنیا کے کسی بھی ملک میں نوجوانوں کی  اتنی تعدادموجود نہیں ہے۔ ان نوجوانوں کی طاقت سے ملک ترقی کی روش پر تیز رفتاری سے آگے بڑھ سکتا ہے۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ وزیراعظم مودی نے ملک کے تقریباً تمام مسائل کو سلجھادیا ہے، وجئے گوئل نے کہاکہ حکومت چاہتی ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ان میں ہنر مندی کی صلاحیتوں کو بھی پروان چڑھائے اور اس کے ساتھ ان میں سماجی ذمہ داری کا احساس بھی پیدا کیا جائے۔ کھیل کود کے شعبے کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس میدان میں بھی کئی نمایاں تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے مرکز کی طرف سے کئی قدم اٹھائے گئے ہیں۔اس بار ان اقدامات کے باوجود اولمپک کھیلوں میں ہندوستان کو کوئی خاص کامیابی نہیں ملی، لیکن معذورین کے اولمپکس میں ہندوستانی اتھیلٹوں نے زبردست مظاہرہ کیا۔ مسٹر گوئل نے کہاکہ مرکزی حکومت نے بیرون ممالک مقیم ہندوستانیوں کو بہت ساری سہولیات مہیا کرائی ہیں، اس کا بھرپور استعمال کیا جائے۔آج ملک کو اگر ترقی کی جانب آگے بڑھنا ہے تو نوجوان نسل کو چاہئے کہ ٹیکنالوجی کو اپنائیں اور اپنے آپ کو منظم کریں۔ مرکزی وزیر مملکت برائے خارجہ وی کے سنگھ نے ملک میں ٹیکنالوجی کے فروغ کو عالمی سطح پر ہندوستان کی پوزیشن مستحکم کرنے کا سبب قرار دیا اور کہاکہ نوجوانوں کو ترقی کی رفتار سے خود کو ہم آہنگ کرنا چاہئے، بصورت دیگر ملک کی ترقی متاثر ہوگی۔ ریاستی وزیر صنعت آر وی دیش پانڈے نے اس موقع پر کہاکہ ملک کی صلاحیتیں اگر بیرون ممالک میں کام کریں تو یہ ملک کا نقصان ہے۔ان صلاحیتوں کا استعمال ملک میں ہی ہونا چاہئے۔ کرناٹک کو ملک کی سب سے زیادہ ترقی پرور ریاست قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاست میں سرمایہ کاری کا بہترین ماحول ہے۔ بنگلور ملک میں ٹیکنالوجی کا پایہ تحت ہے۔ یہاں کی آبادی کا 65 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ اس موقع پر سرینام کے صدر مائیکل اشون نے مخاطب ہوکر کہاکہ آج ہندوستان دنیا کا ایک طاقتور ترین ملک ہے۔اس ملک کو اور مضبوط کرنے کی طرف توجہ دی جانی چاہئے۔


Share: